مسنون دعائیں

جادو سے بچاؤ کے طریقے

جادو سے بچاؤ کے طریقے | MasnoonDuayain

جادو ایک حقیقت ہے، اور بعض بدبخت لوگ جادو کرتے بھی ہیں، اور سبب کے درجے میں اس کا اثر بھی ظاہر ہوتاہے۔ لیکن اس سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ پوری کائنات کے خالق و مالک اللہ تبارک وتعالیٰ ہیں، ان کے حکم کے بغیر دنیا میں ایک ذرہ بھی اپنی جگہ سے حرکت نہیں کرسکتا۔ اسباب کے خالق بھی وہی ہیں اور اسباب میں تاثیر پیدا کرنے والے بھی وہی ہیں۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں

وَ مَا ہُمۡ بِضَآرِّیۡنَ بِہٖ مِنۡ اَحَدٍ اِلَّا بِاِذۡنِ اللّٰہِ

ترجمہ: اور وہ اللہ کے حکم کے بغیر کسی کو جادو کے ذریعے نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ (سورةالبقرہ :102)

جادو سے بچاؤ کے طریقے

جادو سے بچاؤ کے لیے کئی طریقے ہیں، جن میں سے چند اہم طریقے درج ذیل ہیں

1. ایمان اور یقین

سب سے بنیادی بات کہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور ان کی صفات پر کامل ایمان اور یقین ہو۔ اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ ہو تو قوتِ ایمانی سے ہی ان شاء اللہ بہت سی شیطانی قوتیں اور نفسیاتی حملے پسپا ہوجائنگے۔

2. نماز

پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی، ان کی شرائط و احکام کی رعایت رکھ کر ادا کرنے کا اہتمام، جو درحقیقت خالق ومالک سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، اور جب بندے کا تعلق اللہ سے مضبوط ہوتا ہے تو پھر شیطان کا بس اس پر نہیں چلتا۔

3. پاکی اور تلاوت

ہر وقت پاکی کا اہتمام کرنا، با وضو رہنا، اور تلاوتِ قرآنِ کریم کی کثرت کرنا، نیز ذکر کی پابندی کرنا۔

4. سورہ بقرہ کی تلاوت

مکمل سورہ بقرہ معتدل آواز میں وقتاً فوقتاً گھر میں تلاوت کرنے کا اہتمام کریں۔

5. صبح وشام کی دعائیں

صبح وشام کی حفاظت کی مسنون دعائیں پڑھنے کا اہتمام۔

6. اذکار

درج ذیل اذکار صبح وشام سات سات مرتبہ پابندی سے یقین کے ساتھ پڑھ کر دونوں ہاتھوں میں تھتکار کر سر سے پیر تک اپنے پورے جسم پر پھیر دیں، ان شاء اللہ ہر قسم کے سحر، آسیب اور نظرِ بد کے اثراتِ بد سے حفاظت رہے گی

  • درود شریف
  • سورہ فاتحہ
  • آیۃ الکرسی
  • سورہ الم نشرح
  • سورہ کافرون
  • سورہ اخلاص
  • سورہ فلق
  • سورہ ناس
  • درود شریف

7. دعا

ایک روایت میں ہے سحر و جادو سے بچاؤ کی دعا وارد ہے کہ حضرت کعب احبار رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ اگر میں یہ چند کلمات نہ پڑھا کرتا تو یہود جادو سے مجھے گدھا بنا دیتے۔ وہ الفاظ یہ ہیں

أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْعَظِيْمِ الَّذِيْ لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ، وَبِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّاتِ الَّتِيْ لَايُجَاوِزُهُنَّ بَـرٌّ وَّلَا فَاجِرٌ، وَبِأَسْمَآءِ اللهِ الْحُسْنىٰ كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ

ترجمہ: میں اللہ عظیم کی پناہ میں آتا ہوں جس سے کوئی چیز بڑی نہیں، اور اُس کے تمام کلمات (یعنی اسماء و صفات) کی پناہ میں آتا ہوں جن سے نہ کوئی نیک بچ سکتا ہے نہ بد ، اور اللہ تعالیٰ کے تمام بہترین ناموں کی پناہ میں آتا ہوں) جن کو میں جانتا ہوں اور جن کو میں نہیں جانتا، ہر اُس چیز کے شر سے جس کو اللہ نے پیدا کیا، پھیلایا اور وجو د دیا۔

(مشكوة المصابيح حديث نمبر : 2479)

لہذا جادو سے بچاؤ کے لیے اس دعا کو بھی کثرت سے پڑھنا چاہیے۔

اگر افاقہ نہ ہو تو

اگر ان طریقوں پر عمل کرنے کے باوجود بھی افاقہ نہ ہو تو کسی مستند عالمِ دین سے براہِ راست رجوع کرلیجیے۔ عالمِ دین آپ کے مسئلے کی نوعیت اور شدت کا تعین کرے گا اور اس کے مطابق آپ کو علاج تجویز کرے گا۔

یاد رہے

  • جادو سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز اللہ تعالیٰ پر کامل ایمان اور یقین ہے۔
  • نماز، پاکی، تلاوت اور ذکر جادو سے بچاؤ کے موثر طریقے ہیں۔
  • اگر آپ کو جادو کا شبہ ہے تو جلد از جلد کسی مستند عالمِ دین سے رجوع کریں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے۔ آمین۔

Leave a Comment

Your email will not be published. Required fields are marked *