مدرسہ کے لیے وقف شدہ زمین پر مسجد بنانا

Reviewed Updated October 11, 2025 31

Question

ایک شخص نے بنات کے مدرسہ کے لئے زمین وقف کی، اس کے لیے لوگوں سے چندہ بھی جمع کیا اور بھٹہ خشت سے بطور چندہ اینٹ بھی لائیں، اب مدرسے کے قریب کچھ لوگ مدرسے کی مخالفت کررہے ہیں، اس وجہ سے وہ شخص اس زمین پر مسجد بنانا چاہتاہے، کیا یہ جائز ہے کہ بنات کے مدرسہ کے لئے وقف شدہ زمین پر مسجد بنائے؟ جبکہ ابھی تک مدرسہ کی تعمیر شروع نہیں ہوئی۔

Answer

واضح رہے کہ جب کوئی چیز کسی خاص مصرف کے لیے وقف ہو، تو اسی مصرف میں اس کا استعمال ضروری ہوتاہے، استعمال سے پہلے وہ چیز دوسرے مصرف کے لیے منتقل  کیا جاسکتا ہے، لیکن ایک بارجب وہ چیز اپنے اصل مصرف میں استعمال ہو جائے تو اس سے وقف تام ہوجاتا ہے، مثلاً: مدرسہ کے لیے وقف کی گئی زمین میں تعلیمی سلسلہ شروع ہوجائے، تو اس سے وقف تام ہوجاتا ہے، وقف تام ہونے کے بعد موقوفہ جگہ کو دوسرے مصارف میں استعمال کرنا جائز نہیں ہوگا۔ نیز جس مقصد کے لیے لوگوں سے چندہ وصول کیا جائے، اس کو اسی مقصد کے لیے استعمال کرنا ضروری ہے۔ لہٰذا صورتِ مسئولہ میں اگربنات کے مدرسہ کے لیے وقف شدہ زمین میں تاحال تعلیمی سلسلہ شروع نہ ہواہو، تواس جگہ پر مسجد بنانا جائز ہوگا،   اسی طرح لوگوں سے مدرسہ کے لیے جوجمع شدہ چندہ کی رقم اور بھٹہ خشت سے بطور چندہ لائی گئی اینٹ ہے اس کو بھی مسجد کی تعمیرمیں استعمال کرنے کی گنجائش ہے۔   وعند محمد ‌إذا ‌استقى ‌الناس ‌من ‌السقاية وسكنوا الخان والرباط ودفنوا في المقبرة زال الملك. (الهداية في شرح بداية المبتدي، كتاب الوقف. فصل إذا بنى مسجدا لم يزل ملكه عنه حتى يفرزه عن ملكه، ج:3، ص:22) ‌شرط ‌الواقف ‌كنص ‌الشارع أي في المفهوم والدلالة، ووجوب العمل به. (رد المحتار على الدر المختار، كتاب الوقف، مطلب في وقف المنقول قصدا، ج:4، ص:366) ‌شرط ‌أن ‌يتصدق ‌بفاضل ‌الغلة على من يسأل في مسجد كذا كل يوم لم يراع شرطه، فللقيم التصدق على سائل غير ذلك المسجد أو خارج المسجد، أو على من لا يسأل. (الأشباه والنظائر لابن نجيم، الفن الفن الثاني: في الفوائد، شرط الواقف كنص الشارع، ص:163) ‌ولا ‌سيما ‌في ‌زماننا فإن المسجد أو غيره من رباط أو حوض إذا لم ينقل يأخذ أنقاضه اللصوص والمتغلبون كما هو مشاهد. (رد المحتار على الدر المختار، كتاب الوقف، فرع بناء بيتا للإمام فوق المسجد، ج:4، ص:360) فتویٰ نمبر : 6489/297/328 دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور تاریخ تصدیق : 2025-10-07 کتاب الوقف احکام مسجد

Share: WhatsApp Facebook Telegram X Copy